سیئول: جنوبی کوریا نے امتحانات میں مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نقل کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر انتہائی سخت اور غیر معمولی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت ملک بھر میں ہر امتحانی مرکز کے 100 میٹر کے دائرے میں تمام سرکاری اور اسکولوں کے وائی فائی نیٹ ورکس بدھ کی شام 6 بجے سے جمعرات کی شام 6 بجے تک مکمل طور پر بند رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کی وائرلیس یا انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کا راستہ روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :
اے آئی کے ذریعے مقابلے کے امتحان میں ٹاپ کرنیوالے امیدوار کے خلاف تحقیقات شروع
امتحانی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیشنری سے متعلق بھی سخت شرائط عائد کی گئی ہیں۔ امیدواروں کو امتحانی ہال میں صرف کچی پنسل لانے کی اجازت ہوگی، جبکہ پین، ربڑ اور کریکشن ٹیپ امتحانی مرکز کی جانب سے خود فراہم کیے جائیں گے۔ حتیٰ کہ طلبہ کے ذاتی شارپنر لانے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ اسٹیشنری کی شکل میں چھپے خفیہ کیمروں یا کسی بھی قسم کے جاسوسی آلات کو اندر لے جانے کا کوئی امکان باقی نہ رہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ امتحان کے دوران کسی بھی امیدوار پر نقل کا شبہ ہونے کی صورت میں ٹیلی کام کمپنیاں تفتیش کاروں کو متعلقہ صارف کا ڈیٹا فراہم کریں گی تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ سخت اقدامات ایک ایسے وقت میں اٹھائے گئے ہیں جب حال ہی میں جنوبی کوریا کے ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے امتحان میں ٹاپ کرنے والے امیدوار پر یہ سنگین الزام سامنے آیا تھا کہ اس نے خفیہ کیمرے کی مدد سے پرچے کے سوالات کی تصویر بنائی اور پھر اسمارٹ فون پر مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہوئے جوابات حاصل کیے۔ اس واقعے کے بعد امتحانی نظام کی ساکھ بچانے کے لیے ان ہنگامی اور انوکھے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
جنوبی کوریا :نقل روکنے کے لیے انوکھے اور سخت ترین اقدامات؛ وائی فائی بند، ذاتی پین اور شارپنر لانے پر بھی پابندی عائد

