کراچی:
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فائزہ خان نے ساتھی اداکارہ حنا الطاف کے حالیہ بیان پر دلچسپ اور منفرد انداز میں ردعمل دیتے ہوئے رات گئے کراچی کی سڑک پر چہل قدمی کی ویڈیو شیئر کر دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں فائزہ خان کو رات کے وقت کراچی کی ایک مصروف سڑک پر پرسکون انداز میں واک کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکارہ نے اس ویڈیو کے ذریعے بالواسطہ طور پر حنا الطاف کی اس بات کا جواب دیا ہے جس میں انہوں نے کراچی کے حالات اور رات کے وقت باہر نکلنے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
فائزہ خان کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے اور مداح ان کے اس بے باک اور منفرد انداز کو خوب سراہ رہے ہیں۔ کئی صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فائزہ خان نے بنا کسی تلخ کلامی کے عملی طور پر اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے، جبکہ بعض صارفین دونوں اداکاراؤں کے بیانات کا موازنہ بھی کر رہے ہیں۔

