سڈنی (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے جزیرہ کرسمس (Christmas Island) میں قدرت کے ایک حیرت انگیز اور دلفریب نظارے کے تحت لاکھوں سرخ کیکڑوں کی جنگلات سے ساحل کی جانب سالانہ نقل مکانی کا آغاز ہو گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے اور مقامی وائلڈ لائف حکام کے مطابق مون سون کی پہلی بارشوں کے ساتھ ہی تقریباً 10 کروڑ کے قریب سرخ کیکڑے اپنے بلوں سے نکل کر انڈے دینے کے لیے بحرِ ہند کے ساحلوں کی طرف مارچ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جزیرے کی سڑکیں، پل اور باغات مکمل طور پر سرخ چادر اوڑھے نظر آ رہے ہیں۔
مقامی انتظامیہ اور پارکس آسٹریلیا کی جانب سے ان کیکڑوں کو ٹریفک سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کئی اہم شاہراہوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ سڑکوں کے اوپر کیکڑوں کے گزرنے کے لیے خصوصی پل (Crab Bridges) اور رکاوٹیں بھی نصب کی گئی ہیں تاکہ وہ بحفاظت سمندر تک پہنچ سکیں۔
ماہرینِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ مادہ کیکڑے سمندر کے کنارے پہنچ کر لاکھوں کی تعداد میں انڈے دیتی ہیں، جس کے بعد چند ہفتوں میں ننھے کیکڑے واپس جنگل کا رخ کرتے ہیں۔ دنیا بھر سے سیاح اور فطرت سے محبت کرنے والے افراد اس منفرد قدرتی مظہر کو دیکھنے کے لیے جزیرہ کرسمس کا رخ کر رہے ہیں۔

