لاہور (ویب ڈیسک)
اسموگ کے موسم میں فضا میں شامل باریک اور زہریلے ذرات براہِ راست پھیپھڑوں اور نظامِ تنفس پر اثر انداز ہوتے ہیں، جس کے باعث کھانسی، گلے کی خراش، سانس لینے میں دشواری اور قوتِ مدافعت میں کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اس موسم میں روزمرہ کی چند احتیاطی تدابیر اور غذائی عادات اپنا کر پھیپھڑوں اور مجموعی صحت کو کافی حد تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
طبی رہنمائی کے مطابق گھر سے باہر نکلتے وقت عام کپڑے یا معمولی ماسک کے بجائے معیاری فلٹر والے ماسک کا استعمال ضروری ہے تاکہ فضا میں موجود باریک آلودہ ذرات سانس کے ذریعے جسم میں داخل نہ ہوں۔ اس کے علاوہ دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی پینا جسم سے فاسد مادوں کے اخراج اور گلے کی نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ رات کو سونے سے پہلے سادہ پانی یا اجوائن اور پودینے کے پتوں کے ساتھ بھاپ لینے سے سانس کی نالیوں میں جمی گرد اور بلغم صاف کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسموگ کے دوران کھلی فضا میں دوڑنے یا سخت جسمانی ورزش سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ تیز سانس لینے کے عمل سے زیادہ آلودہ ہوا پھیپھڑوں تک پہنچ سکتی ہے۔ گھروں کے اندر کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے، ہوا کو صاف رکھنے والے اقدامات کرنے اور ہلکی پھلکی ورزش یا سانس کی مشقوں کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق اس موسم میں ایسی غذاؤں کا استعمال فائدہ مند رہتا ہے جو اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن سی، وٹامن ای اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہوں۔ روایتی طور پر گڑ، وٹامن سی سے بھرپور پھل جیسے مالٹا، کینو، موسمی، امرود، لیموں اور آملہ، ہلدی، ادرک، لہسن، سبز چائے، خشک میوہ جات، بیج، ہری پتوں والی سبزیاں اور ٹماٹر کو سانس کی نالیوں کی سوزش کم کرنے اور قوتِ مدافعت مضبوط بنانے کے حوالے سے مفید سمجھا جاتا ہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسموگ کے دنوں میں تلی ہوئی غذاؤں، زیادہ ٹھنڈے مشروبات اور تمباکو نوشی سے پرہیز کیا جائے، کیونکہ یہ عوامل سانس کی نالیوں کی حساسیت بڑھا سکتے ہیں۔ اگر کسی شخص کو سانس لینے میں دشواری، مسلسل کھانسی یا سینے میں جکڑن محسوس ہو تو فوری طور پر معالج سے رجوع کرنا چاہیے۔

