ٹنڈو آدم / سانگھڙ: ٹنڈو آدم کے قریب درگاہ پر چوری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گاؤں والوں نے ایک برقعہ پوش ملزم کو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزم کے قبضے سے نقدی اور خطرناک اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹنڈو آدم کے قریب واقع گاؤں آچر ساند میں موجود درگاہ شادی شہید پر ایک شخص نے برقعہ پہن کر داخل ہونے کے بعد درگاہ کی چندہ پیٹیاں توڑنا شروع کر دیں اور رقم چوری کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران گاؤں کے افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں قابو کر لیا۔
گرفتار ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے چوری شدہ 17 ہزار روپے نقد، ایک پستول اور ایک چاقو برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم کی شناخت کاشف انصاری کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد غیور دیہاتیوں نے ملزم کو معہ مسروقہ رقم اور اسلحہ کے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا، جہاں پولیس کی جانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

