واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران واشنگٹن کے ساتھ معاہدہ طے کرنے کا شدید خواہش مند ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی انہوں نے تہران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر حالات بگڑے تو امریکہ کا اگلا عسکری حملہ سابقہ کارروائی سے تقریباً 5 گنا زیادہ شدید اور تباہ کن ہو سکتا ہے۔
پیر کے روز ‘سی اس پین’ (C-SPAN) کو دیے گئے ایک ٹیلی فون انٹرویو کے دوران امریکی صدر نے ایران کے ساتھ پیدا ہونے والی کشیدگی اور سفارتی امکانات پر کھل کر بات کی۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی موجودہ قیادت امریکہ کے ساتھ بات چیت اور معاہدے پر رضامند دکھائی دیتی ہے، لیکن امریکہ اپنی قومی سلامتی اور علاقائی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے واضح الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے کوئی غلط قدم اٹھایا یا عسکری پیش رفت سے گریز نہ کیا تو امریکی ردِعمل انتہائی سخت ہوگا، جو کہ ماضی کی کارروائیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ وسیع اور 5 گنا بڑا حملہ ہو سکتا ہے۔
عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ٹرمپ کے اس بیان کو ایک طرف سفارتی دروازے کھلے رکھنے اور دوسری جانب ممکنہ عسکری دباؤ برقرار رکھنے کی حکمتِ عملی کا حصہ دیکھا جا رہا ہے۔
ایران پر اگلا امریکی حملہ 5 گنا تباہ کن ہو گا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وارننگ

