قبرص :یونان کے جزیرے کریٹ کے جنوبی ساحل پر تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 18 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔
یونانی کوسٹ گارڈز کے مطابق امدادی ٹیموں نے سمندر سے 13 لاشیں نکالیں، جبکہ حادثے میں بچائے گئے چار افراد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں ایک کم سن بچہ بھی شامل ہے۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں سوڈانی باشندے بھی موجود ہیں۔
At least 14 migrants die attempting to reach the Greek island of Crete, as rescue operations continue in the Mediterranean https://t.co/hPQA80Vu5P
— TRT World Now (@TRTWorldNow) November 10, 2026
حکام کے مطابق حادثہ کریٹ کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل (28 کلومیٹر) دور پیش آیا۔ مراکش کے پرچم بردار ایک کنٹینر بحری جہاز نے سب سے پہلے ڈوبتی ہوئی کشتی کو دیکھا اور متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تارکین وطن کی کشتی کئی روز سے سمندر میں موجود تھی اور شدید ہواؤں اور خراب موسم کے باعث ساحل تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ریسکیو کیے گئے افراد شدید سردی کے باعث کانپ رہے تھے اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔
یونانی کوسٹ گارڈز نے کریٹ کے حادثے کے علاوہ تین دیگر امدادی کارروائیوں میں مزید 180 سے زائد تارکین وطن کو بچانے کی بھی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب یونان کے شمال مشرقی سرحدی علاقے ایوروس میں پولیس نے ایک مشکوک گاڑی سے 12 تارکین وطن کو بازیاب کرالیا۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور نے رکنے کے اشارے پر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم تعاقب کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ڈرائیور یونانی شہری ہے۔ پولیس نے گاڑی اور موبائل فون بھی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

