سانگھڑ رپورٹ اشفاق سلہری
سانگھڑ کی تحصیل شہدادپور میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں اسپتال کے گیٹ نمبر 2 کے باہر معمولی بات پر دو خواجہ سراؤں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہونے والے جھگڑے میں خنجر کے وار سے ایک خواجہ سرا جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت ایاز چنا کے نام سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسپتال کے باہر دونوں خواجہ سراؤں کے مابین کسی بات پر بحث شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پرتشدد جھگڑے میں بدل گئی۔ اسی دوران ایک ملزم نے تیز دھار خنجر کا وار کر کے ایاز چنا کو شدید زخمی کر دیا۔
علاقہ مکینوں نے فوری طور پر زخمی خواجہ سرا کو سمس اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو اسپتال کے سردخانے منتقل کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔دوسری جانب، ایدھی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثا کا انتظار کیا جا رہا ہے، اور ورثا کے بروقت نہ پہنچنے کی صورت میں لاش کو ٹنڈو آدم کے قبرستان میں لاوارث قرار دے کر سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔


