اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی بلاتعطل فراہمی، قیمتوں کے استحکام اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے ایک نیا جامع نظام متعارف کروا دیا ہے۔ اس نئے نظام کا بنیادی مقصد صارفین کو مقررہ نرخوں پر معیاری ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت ایل پی جی کی پیداوار، درآمد اور ترسیل (سپلائی چین) کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لایا جا رہا ہے تاکہ گیس کی ترسیل میں شفافیت لائی جا سکے اور مصنوعی قلت کا سدباب کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے میکزم کے تحت گیس کے نرخوں اور کوٹہ کی سختی سے نگرانی کی جائے گی، جبکہ ملک بھر میں گیس سلنڈرز کے معیار اور حفاظتی پیمانے (سیفٹی سٹینڈرڈز) پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے قانون شکنی کرنے والے عناصر اور غیر قانونی ری فلنگ شاپس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
معاشی ماہرین اور عوامی حلقوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے سردیوں کے موسم میں ایل پی جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور بلیک مارکیٹنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

