اسلام آباد:
پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں ایک بڑی تبدیلی اور اصلاحات کے حوالے سے اہم تجاویز زیر غور آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک کو انتظامی طور پر زیادہ مستحکم بنانے اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز پر سنجیدہ غوروخوض جاری ہے۔اس اہم تجویز کا بنیادی مقصد ملک کے وسیع و عریض علاقوں اور مختلف خطوں کے انتظامی مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ چھوٹے صوبے بننے سے وسائل کی تقسیم بہتر ہوگی، گورننس کا نظام نچلی سطح پر مضبوط ہوگا اور پسماندہ اضلاع کی ترقی میں تیزی آئے گی۔علاوہ ازیں، اس اتنے بڑے آئینی و انتظامی قدم پر عوامی تائید حاصل کرنے کے لیے ملک گیر ریفرنڈم کرانے کا آپشن بھی زیر غور ہے، تاکہ اس تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ عوام کی امنگوں کے مطابق کیا جا سکے۔ آنے والے دنوں میں اس تجویز پر سیاسی اور قانونی حلقوں میں مزید مشاورت متوقع ہے۔

