قصور (بے نقاب رپورٹ):تھانہ گنڈا سنگھ والا کے علاقہ حسین خانوالا میں 11 سالہ معصوم بچے کو چوری دیکھ لینے پر قتل اور بعد ازاں لاش کے ساتھ زیادتی کرنے والے سفاک ملزم کو قصور پولیس اور سی سی ڈی کی ٹیموں نے قلیل وقت میں گرفتار کر لیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے واقعے کی خوفناک تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2 نومبر کو 11 سالہ محمد فیضان کی لاش کماد کے کھیت سے برآمد ہوئی تھی، جسے نامعلوم ملزم نے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی پی او قصور کی زیرِ نگرانی سپیشل پولیس اور سی سی ڈی (CCD) کی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
پولیس نے علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کے دوران شک کی بنیاد پر مقامی رہائشی ملزم مبشر ولد مدثر کو حراست میں لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے سنسنی خیز اور سفاکانہ جرم کا اعتراف کر لیا۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا لیکن 11 سالہ فیضان نے اسے پہچان لیا۔ گرفتاری اور راز فاش ہونے کے ڈر سے ملزم نے فیضان کو رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور لاش کو چھپانے کے لیے کماد کے کھیت میں پھینک دیا۔ ملزم نے مزید اعتراف کیا کہ اس نے بچے کے قتل کے بعد مردہ حالت میں اس کے ساتھ بدفعلی کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔
ڈی پی او قصور نے عزم کا اظہار کیا کہ سفاک درندے کو تمام تر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سخت ترین اور عبرتناک سزا دلائی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان کو فوری انصاف مل سکے۔

