نوابشاہ (بیورو رپورٹ نفیس آرائیں)
ڈپٹی کمشنر و چیئرمین حلال احمر (ریڈ کریسنٹ سوسائٹی) شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور فلاحی اداروں کا بنیادی مقصد پسماندہ اور مستحق خاندانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوابشاہ میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور ترک ریڈ کریسنٹ کے اشتراک سے مستحق خواتین میں مویشی تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔
اس موقع پر ترک ریڈ کریسنٹ کے انچارج کن سینر (Kan Saner)، سیکریٹری حلال احمر کنور وسیم، محمد سالم زرداری، اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے اے ڈی ریسپانس مشرف حسین بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران بتایا گیا کہ ضلع شہید بینظیرآباد کی دو تحصیلوں میں قدرتی آفات کے خدشات اور کم آمدنی کے باعث مشکلات کا شکار خاندانوں کی معاشی بحالی کے لیے جامع سروے، رجسٹریشن اور جانچ پڑتال کے بعد 30 انتہائی مستحق خواتین کو مویشی فراہم کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد مستحقین کو روزگار کے پائیدار مواقع فراہم کرکے انہیں معاشی خودکفالت کی جانب گامزن کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں اپنی خاندانی ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکیں۔
تقریب میں محکمہ لائیو اسٹاک شہید بینظیرآباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر اعجاز حسین لغاری نے خصوصی شرکت کی اور تقسیم کیے گئے مویشیوں کو حفاظتی ویکسین بھی لگائی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پولٹری پروڈکشن ڈاکٹر طارق نورانی، شیر باز مری اور دونوں اداروں کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔


