نوابشاہ (بیورو رپورٹ نفیس آرائیں)
نوابشاہ میں شوہر اور دیوروں کی جانب سے مبینہ طور پر گھر سے بے دخل کرنے کے لیے ایک خاتون پر تشدد کی جانے والی دلخراش سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صوبائی حکومت اور انتظامیہ حرکت میں آ گئی ہے۔ واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ترقیِ نسواں شاہینہ شیر علی نے فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن قانونی معاونت اور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
اس سلسلے میں محکمہ ترقیِ نسواں کے شکایتی مرکز کی انچارج زیب النساء نے فوری طور پر متاثرہ خاتون سے رابطہ کیا اور انہیں یقین دلایا کہ محکمہ ان کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس شرمناک واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری اور سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے تھانہ بی سیکشن نوابشاہ پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔


