نوابشاہ (بیورورپورٹ نفیس آرائیں)
کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن غلام قادر خان تالپور سے آج ان کے دفتر میں ممبر نیشنل پیغام امن کمیٹی پاکستان و ہندو پنچائت کے نمائندے راجیش کمار ہرداسانی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ہندو برادری کے مذہبی تہوار ‘دیوالی’ کے حوالے سے انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور ضروری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر راجیش کمار ہرداسانی نے کمشنر کو دیوالی کے سلسلے میں درپیش انتظامی ضروریات سے آگاہ کیا۔ جس پر کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن غلام قادر خان تالپور نے یقین دہانی کرائی کہ دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو بھرپور سہولیات کی فراہمی، پرامن ماحول کو برقرار رکھنے اور تمام ضروری انتظامات کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
کمشنر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام مذہبی برادریوں کو اپنے مذہبی تہوار مکمل مذہبی آزادی، عزت، احترام اور خوشی کے ساتھ منانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری اور بھائی چارے کا فروغ ایک پرامن اور خوشحال معاشرے کی اصل بنیاد ہے۔ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہری ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، اور ان کے حقوق، تحفظ اور سہولیات کو یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
کمشنر غلام قادر خان تالپور کا کہنا تھا کہ دیوالی سمیت تمام مذہبی تہواروں کے موقع پر باہمی احترام، اتحاد اور امن و محبت کے پیغام کو عام کیا جانا چاہیے تاکہ معاشرے میں رواداری کو مزید فروغ مل سکے۔
راجیش کمار ہرداسانی نے دیوالی کے انتظامات کے حوالے سے کمشنر کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر تہہ دل سے اظہارِ تشکر کیا اور معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی و امن کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران ایڈیشنل کمشنر ٹو شہید بینظیرآباد سید عمار حسین بھی موجود تھے۔

