کٹھمنڈو: نیپال کے ضلع سولوکھومبو (Solukhumbu) میں ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ کے قریبی علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا ہے، جہاں لینڈنگ کے دوران ‘فش ٹیل ایئر’ (Fishtail Air) اور ‘ایئر ڈائنسٹی’ (Air Dynasty) کے دو ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا گئے۔ اس حادثے کے نتیجے میں ایک بھارتی سیاح جاں بحق جبکہ تین دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
نیپال سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ حادثہ سولوکھومبو کے علاقے پھیریچے (Pheriche) ہیلی پیڈ پر منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب دونوں ہیلی کاپٹرز یکے بعد دیگرے لینڈ کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور ہوا میں ان کے روٹر بلیڈز (پنکھے) آپس میں ٹکرا گئے۔
BREAKING: Two helicopters operated by Fishtail Air and Dynasty Air collided while landing at Pheriche helipad in Solukhumbu. Authorities said the helicopters’ rotor blades struck each other during the landing process. Further details about the incident are awaited.
Video ©: Webcam Nepal.
— Everest Today (@EverestToday) November 3, 2026
سولوکھومبو ڈسٹرکٹ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد اور ریسکیو پہنچائی گئی ۔ ہلاک ہونے والے شہری کی شناخت وسنتھ کمار بالارامارامادو (Vasanth Kumar Balaramaramadu) کے نام سے ہوئی ہے، جو بھارت کا شہری تھا اور فش ٹیل ایئر کے ہیلی کاپٹر میں سوار تھا۔ نیوزی لینڈ کا شہری شلیش کرشنا پٹیل (بھارتی نژاد) شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے کاٹھمنڈو کے میڈی سٹی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں فش ٹیل ایئر کے پائلٹ رابندر پرجاپتی اور ایئر ڈائنسٹی کے پائلٹ پرجول کے سی بھی زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے کاٹھمنڈو منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اور سول ایوی ایشن حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد کوئی آگ نہیں لگی، جس کی وجہ سے مزید جانی نقصان نہیں ہوا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں ہیلی کاپٹرز کو ہیلی پیڈ کے انتہائی قریب آتے اور ان کے پروں کو آپس میں ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

