لاہور میں سموگ کی شدید لہر کے ساتھ وائرل بیماریوں، انفلوئنزا اور کورونا کے مختلف ویرینٹس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا ہے، جس کے باعث گزشتہ 7 دنوں میں شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
میو ہسپتال میں 11 ہزار، سروسز ہسپتال میں 9 ہزار 800 اور جناح، جنرل، گنگارام و چلڈرن ہسپتال میں ہزاروں افراد نزلہ، زکام، کھانسی اور گلے کی تکالیف کے ساتھ پہنچے۔ ریپڈ ٹیسٹنگ کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ طبی ماہرین پروفیسر شہباز غوری اور سروسز ہسپتال کے ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق شہریوں کو خود علاج کی بجائے مستند ڈاکٹرز سے رجوع کرنے، فیس ماسک کا استعمال یقینی بنانے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں اسموگ کے بعد نزلہ زکام اور کورونا نے بھی ہلہ بول دیا، ہزاروں مریض سرکاری اسپتالوں میں پہنچ گئے

