ساہیوال (بے نقاب نیوز ) پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) پولیس ساہیوال ریجن نے پنجاب بھر کی 22 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ماہ کے دوران 300 سے زائد اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کو گرفتار کرکے تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔
اس نمایاں کارکردگی کو پنجاب پولیس کی قیادت کے ساتھ عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ ریجنل آفیسر پی ایچ پی ساہیوال غازی محمد عمر فاروق کے مطابق یہ کامیابی فورس کے افسران اور اہلکاروں کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ پی پولیس نے اپنی 22 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ماہ کے دوران 300 سے زائد اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
اس تاریخی کامیابی کی خوشی میں ریجنل آفس ساہیوال میں کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مین اسٹریم میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران فورس کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ساہیوال، PHP پولیس کی تاریخی کامیابی، 300 اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں میں نیا سنگ میل عبور



