راولپنڈی :پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 26 اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع کچھی اور ضلع وڈھ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے نو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ضلع کچھی میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک مبینہ دہشت گرد ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں سات مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔ فورسز نے موقع سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع وڈھ میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مبینہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انھیں روک لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں مزید دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ اس کارروائی میں بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے مبینہ شدت پسند کو تلاش کر کے گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے کہا کہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 9 دہشت گرد ہلاک

