ٹنڈوآدم / سانگھڑ:
ٹنڈوآدم جھول روڈ پر مسافر کوچ اور کار کے درمیان ایک انتہائی خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کار بری طرح پچک کر کوچ کے نیچے چلی گئی۔حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک معصوم بچہ بھی شامل ہے، جن کی شناخت منو ولد نانجی کولہی، رامون ولد منو کولہی، مسمات نیلان زوجہ منو کولہی اور معصوم دیول ولد رامون کولہی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والوں میں مسمات روشنی، مسمات ہیری، مسمات گلابی اور کنیو شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق تعلقہ سعید آباد کے گاؤں بلاول کوسو سے بتایا جاتا ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور علاقہ مکین فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران کار کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ بدقسمت خاندان کسی خیرات کی دعوت میں شرکت کے بعد اپنے گھر واپس جا رہا تھا کہ راہ میں یہ دلخراش حادثہ پیش آگیا۔ تمام لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم منتقل کیا گیا، جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو حیدرآباد ریفر کر دیا گیا۔

