مٹیاری (بیورو رپورٹ: عامر علی انڑ)
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور اضافی لیوی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف جماعت اسلامی ضلع مٹیاری کی جانب سے ہالا میں ایک پرزور احتجاجی ریلی نکالی گئی اور ہالا پریس کلب کے سامنے شدید مظاہرہ کیا گیا۔ریلی باب النوح سے نکالی گئی جس کی قیادت جماعت اسلامی ضلع مٹیاری کے امیر فقیر محمد لاکو، ایاز احمد اصلاحی، انیس الرحمٰن کورائی اور دیگر مقامی رہنماؤں نے کی۔ اس احتجاج میں بڑی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی شہر کے مختلف اہم راستوں سے ہوتی ہوئی ہالا پریس کلب پہنچی۔
اس موقع پر مظاہرین اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے، جس کے نتیجے میں غریب، مزدور اور محنت کش طبقہ دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے بھی شدید پریشانی کا شکار ہے۔
رہنماؤں نے حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنے شاہانہ اخراجات اور مراعات کم کرنے کے بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی لیوی ٹیکس عائد کر کے غریب عوام کی کمر توڑ رہے ہیں، جس سے عام شہریوں کی روزمرہ زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہِ راست پبلک ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا پر پڑتے ہیں، جس کے باعث محدود آمدنی والے افراد کے لیے اپنے گھر کے اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومت سے شدید الفاظ میں مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، اضافی لیوی ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ حکمران اپنے غیر ضروری اخراجات کم کریں اور عوامی مسائل کے حل پر فوری توجہ دیں۔
رہنماؤں نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی غریب عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ، مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف اپنی توانا آواز بلند کرتی رہے گی۔


