سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے): ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا ڈویژن احمد نعیم ملک نے چیئرمین تعلیمی بورڈ سرگودھا حیدر عباس گوندل سے ملاقات کی اور انہیں اپنی تحقیقی کتاب ’’تاریخِ سکندر کا گمشدہ باب‘‘ پیش کی۔اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ نے کتاب کی تیاری کے لیے دس سالہ مسلسل تحقیق اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں، جب انفارمیشن ٹیکنالوجی نے علم و معلومات تک رسائی کو آسان بنا دیا ہے، تاریخی موضوع پر اس قدر تفصیلی تحقیق کرنا ایک قابلِ قدر علمی کاوش ہے۔ ایسی کتابیں نہ صرف ہمارے ماضی کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ مستقبل کے محققین کے لیے بھی تحقیق کے نئے راستے کھولتی ہیں۔حیدر عباس گوندل نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ، تہذیب اور ثقافتی ورثے سے آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ طلبہ میں تاریخ کے مطالعے کا شوق پیدا کریں اور انہیں اپنی سرزمین کے تاریخی پس منظر سے روشناس کرائیں۔ انہوں نے اساتذہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ’’تاریخِ سکندر کا گمشدہ باب‘‘ جیسی تحقیقی کتابوں کا مطالعہ کریں تاکہ مقامی تاریخ کے بارے میں ان کی معلومات میں اضافہ ہو اور تحقیق و جستجو کا رجحان فروغ پائے۔

