سکھر (رپورٹ/عبد الرحمان راجپوت)
خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے قانونی تحفظ، ان کے حقوق اور شکایات کے فوری ازالے کے طریقۂ کار سے آگاہ کرنے کے لیے ریجنل آفس صوبائی محتسب سندھ، سکھر کے زیرِ اہتمام شہر کے علاقے ٹاؤن شپ میں واقع برائٹ پبلک اسکول میں ایک پُروقار اورجامع آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں برائٹ پبلک اسکول، آمنہ پبلک اسکول اور حرا پبلک اسکول کے اساتذہ، انتظامی عملے اور طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار کا بنیادی مقصد "خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ ایکٹ 2010ء” کے تحت فراہم کردہ قانونی تحفظ، ہراسانی کی مختلف اقسام، شکایات درج کرانے کے مراحل اور اس کے لیے دستیاب قانونی فورمز سے متعلق گہرائی سے آگاہی فراہم کرنا تھا، تاکہ تعلیمی اداروں سمیت تمام پیشہ ورانہ ماحول میں خواتین کے لیے تحفظ، مساوات اور وقار کو یقینی بنایا جا سکے۔سیمینار کی صدارت صوبائی محتسب سندھ کے کنسلٹنٹ اور سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اقبال آرائیں نے کی۔ اس موقع پر اپنے کلیدی خطاب میں انہوں نے قانون کی اہم شقوں، ہراسانی کی قانونی تعریف، ملازمین اور اداروں کی آئینی و قانونی ذمہ داریوں، شکایت درج کرانے کے طریقۂ کار، انکوائری کمیٹی کے بنیادی کردار اور قانون کے تحت ممکنہ سخت کارروائی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کام کی جگہ پر ہراسانی کی روک تھام اور خواتین کو ایک محفوظ و باوقار ماحول فراہم کرنا نہ صرف ایک قانونی تقاضا بلکہ تمام اداروں کی اولین اخلاقی اور قانونی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متاثرہ فرد کو خاموش رہنے کے بجائے بلاخوف و خطر متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید منظور حسین شاہ نے شرکاء کو صوبائی محتسب سندھ کے ادارے کے تنظیمی ڈھانچے، دائرۂ اختیار اور مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔برائٹ پبلک اسکول کے پرنسپل فیصل کھوسہ، آمنہ پبلک اسکول کی پرنسپل مس تبسم اور حرا پبلک اسکول کی پرنسپل مس انیکا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر ایک سوال و جواب کی نشست بھی رکھی گئی جس میں شرکاء نے قانونی شقوں سے متعلق سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے۔ شرکاء نے اپنے اداروں میں خواتین کے احترام اور ہراسانی سے پاک ماحول کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔

