دوحہ / اسلام آباد : وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیرِ داخلہ اور داخلی سلامتی فورس (لخویہ) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ایک اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان داخلی سیکیورٹی اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے داخلی سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی شراکت داری بڑھانے، سیکیورٹی تعاون کو مضبوط کرنے اور خطے کی مجموعی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی غور و خوص کیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور قطر کی وزارتِ داخلہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور عملی سیکیورٹی فریم ورک کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے قیام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے”۔
قطری وزیرِ داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ "قطر پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ہم داخلی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں”۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں معلوماتی تبادلے اور باہمی تعاون کے عمل کو تیز تر بنانے کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی قطری ہم منصب سے ملاقات، داخلی سیکیورٹی اور علاقائی امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

