ویب ڈیسک
جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں ایک دل دہلا دینے والا اور عبرت ناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک چرچ میں دعائیہ تقریب کے دوران بھاری صلیب گرنے سے پادری موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس ناگہانی حادثے کے چند منٹ قبل پادری کی طرف سے زندگی کی فانی حقیقت اور موت کے حوالے سے کہے گئے آخری جملے اب پوری دنیا میں بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، پادری سانچیز مولیناری چرچ میں ایک بڑی پینٹنگ کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے خطاب اور وعظ میں مصروف تھے۔ اسی دوران دیوار پر نصب لکڑی کی ایک بھاری اور بڑی صلیب اچانک اکھڑ کر براہ راست ان کے اوپر آ گری۔رپورٹ کے مطابق، اس دردناک حادثے سے صرف چند منٹ قبل پادری سانچیز مولیناری اپنے خطاب میں انسان کی فانی زندگی اور بے یقینی موت کا ذکر کر رہے تھے۔ انہوں نے حاضرین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگ اپنا قیمتی وقت موبائل فون کی اسکرین سکرول کرنے یا ٹیلی ویژن دیکھنے میں ضائع کر دیتے ہیں، لیکن خُدا اور اپنے انتہائی قریبی عزیز و اقارب کے لیے بہت کم وقت نکال پاتے ہیں۔اس ناگہانی واقعے نے نہ صرف مقامی گرجا گھر کے افراد بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کو سوگوار اور گہری سوچ میں مبتلا کر دیا ہے۔

