ممبئی:ویب ڈیسک
اتوار کی شام ممبئی کے جوہو علاقے میں بندوق برداروں کی جانب سے اداکار ٹائیگر شروف کی کار پر فائرنگ کے واقعے کے بعد مہاراشٹر کے ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شندے نے اداکار اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وہیں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بھی شروف سے فون پر بات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔دریں اثنا حملے کے بعد اداکار کی پہلی تصاویر سامنے آئی ہیں، جن میں وہ شرٹ کے بغیر بیٹھے نظر آ رہے ہیں جبکہ ان کے ہاتھ پر بھاری پٹی اور کندھے اور سینے پر ڈریسنگ لگی ہوئی ہے۔تصویر میں شروف کو صوفے پر بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں ان کے ہاتھ گود میں بندھے ہوئے ہیں۔ چوٹوں کی نوعیت اور پٹی باندھنے کی اصل وجہ کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اگرچہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا تھا کہ شروف کو کوئی چوٹ نہیں آئی ہے، لیکن ان تصاویر سے واضح ہوتا ہے کہ انہیں کچھ زخم آئے تھے جن کے لیے انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی ہےواضح رہے اتوار کی شام شروف ایک فٹ بال گراؤنڈ سے نکل رہے تھے جب بندوق برداروں نے ان کی کار پر فائرنگ کی اور پھر موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔ اس حملے میں ان کا ڈرائیور اور ایک آٹو رکشہ ڈرائیور زخمی ہو گئے۔

