سکھر (رپورٹ: عبد الرحمان راجپوت)
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل (پی ایم ایل ایف) سکھر کی جانب سے ایک شاندار ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سکھر ڈویژن کی مانیٹرنگ کمیٹی کے رکن اور صوبائی رہنما سید شفقت علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کنونشن سے خطاب کیا۔یہ کنونشن پنوعاقل کے صدر اور ان کی تعلقہ ٹیم کی جانب سے منعقد کیا گیا، جنہوں نے تقریب میں پہنچنے والے معزز رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ہی ملک اور صوبہ سندھ کی حقیقی عوامی جماعت ہے جو پیر صاحب پگارا کی قیادت میں عوام کی خدمت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔صوبائی رہنما سید شفقت علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ پارٹی ورکرز ہی اصل سرمایہ ہیں، اور ان کی محنت سے ہی تنظیم مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد سکھر ڈویژن میں تنظیمی سطح پر بڑی پیش رفت دیکھنے میں آئے گی۔کنونشن سے دیگر اہم رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، جن میں ڈویژنل کمیٹی کے رکن کامریڈ نثار ابڑو، ضلعی صدر فقیر عنایت اللہ بُرڑو، جنرل سیکرٹری میر اعجاز علی ٹالپر، کلچر ونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری نثار منگی، اور تعلقہ صدر محمد حیات منگریو شامل تھے۔

