جے پور
بھارت میں ایئر انڈیا کے ایک مسافر طیارے میں ہائی جیک الرٹ (گھمبیر صورتحال) موصول ہونے کے بعد ایوی ایشن حکام میں شدید افراتفری پھیل گئی، جس کے بعد پرواز کو جے پور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔اطلاعات کے مطابق طیارے کے عملے اور متعلقہ سیکیورٹی ایجنسیز کو جیسے ہی ممکنہ خطرے یا ہائی جیکنگ کا الرٹ موصول ہوا، فوری طور پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ حفاظتی پروٹوکول کے تحت جے پور ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی اور طیارے کو بحفاظت زمین پر اتارنے کے لیے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے گئے۔طیارے کے زمین پر اترنے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس نے فوری طور پر جہاز کو اپنے گھیرے میں لے لیا اور ایس او پی (Standard Operating Procedures) کے مطابق تفصیلی تلاشی اور جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ابتدائی ذرائع کے مطابق حکام صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ الرٹ کی حقیقت اور محرکات کا تعین کیا جا سکے۔ اس ہنگامی صورتحال کے باعث کچھ دیر کے لیے ایئرپورٹ پر خوف و ہراس کی فضا رہی، تاہم صورتحال حکام کے مکمل کنٹرول میں ہے۔

