ویسٹ انڈیز خواتین کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں آل راؤنڈر سٹیفنی ٹیلر کی بہترین کارکردگی کی بدولت زمبابوے ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔ ہرارے کے تاکاشنگا اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے کیلیس ندلووو (Kelis Ndhlovu) نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔
کرسٹین موتاسا نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سٹیفنی ٹیلر نے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جاہزارا کلیکسٹن نے بھی 2 وکٹیں لیں۔ 143 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 17 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ سٹیفنی ٹیلر نے 39 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ جاہزارا کلیکسٹن نے 38 رنز اور جانیلیا گلاسگو نے ناقابلِ شکست 15 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پلیئر آف دی میچ: سٹیفنی ٹیلر (64 ناقابلِ شکست رنز اور 8 رنز کے عوض 2 وکٹیں)۔


