سکھر (رپورٹ: عبدالرحمان راجپوت)
شہباز تائیکوانڈو اکیڈمی سکھر کے زیرِ اہتمام جونیئر تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے تائیکوانڈو کے مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سول ڈیفنس وارڈن سروس سکھر کے ڈپٹی چیف وارڈن ڈاکٹر سعید اعوان تھے۔ چیمپئن شپ کے موقع پر تائیکوانڈو کے ماہر ماسٹر عبدالرزاق، محمد اریب میمن اور شہزاد مگسی سمیت دیگر معزز شخصیات اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔چیمپئن شپ کے دوران طلباء و طالبات نے تائیکوانڈو کی مختلف تکنیکوں پر مشتمل شاندار ڈیمونسٹریشن پیش کی، جبکہ مختلف کیٹیگریز میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے بھی منعقد ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ کھیل صحت مند اور متوازن زندگی کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور فیصلہ سازی کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں اور خصوصاً نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی طرف بھی راغب کریں تاکہ وہ ایک صحت مند، باصلاحیت اور ذمہ دار معاشرے کا حصہ بن سکیں۔ موجودہ دور میں ہماری بیٹیوں کے لیے کھیل اور سیلف ڈیفنس کی تربیت تعلیم جتنی ہی اہمیت رکھتی ہے۔ بچیوں کو مارشل آرٹس اور دفاعی تربیت فراہم کرنا ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مشکل حالات کا سامنا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے والدین کو تاکید کی کہ وہ اپنے بچوں کو گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے حوالے سے بھی مناسب عمر کے مطابق آگاہی دیں تاکہ بچے اپنی حفاظت کے بنیادی اصولوں سے واقف ہو سکیں۔ڈاکٹر سعید اعوان نے شہباز تائیکوانڈو اکیڈمی کی انتظامیہ اور اساتذہ کو نوجوان نسل میں کھیل، نظم و ضبط اور سیلف ڈیفنس کا شعور اجاگر کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں میڈلز اور اعزازات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر پاک چائنا تائیکوانڈو چیمپئن شپ لاہور میں برونز میڈل حاصل کرنے والی باصلاحیت کھلاڑی نوال حسین کو بھی مہمانِ خصوصی نے میڈل پیش کیا اور ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

