سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو) — صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ڈسکہ میں ستھرا پنجاب پروگرام اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میاں سرمد حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز آصف اقبال، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران افسران نے صوبائی وزیر کو علاقے میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، جاری اقدامات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ذیشان رفیق نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری و دیہی دونوں علاقوں میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور صفائی آپریشن کی سخت نگرانی کی ہدایت کی۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صفائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے، بہترین معیار یقینی بنانے اور مقررہ اہداف کے مطابق کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر ترقیاتی کاموں اور صفائی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں۔

