جوہانسبرگ: جنوبی افریقا کے 20 سالہ نوجوان بیٹر لوان ڈرے پریٹوریئس (Lhuan-dre Pretorius) نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا نیا باب رقم کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل کا سب سے بڑا انفرادی اسکور کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
جنوبی افریقا کے گھریلو ٹورنامنٹ سی ایس اے ٹی ٹوئنٹی چیلنج (CSA T20 Challenge) میں ‘ٹائٹنز’ کی نمائندگی کرتے ہوئے لوان ڈرے پریٹوریئس نے ‘نائٹس’ کے خلاف طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 79 گیندوں پر 188 رنز ناٹ آؤٹ کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کی اس یادگار اننگز میں 15 چوکے اور 13 فلک شگاف چھکے شامل تھے۔
اس شاندار اننگز کی بدولت انہوں نے ویسٹ انڈیز کے ‘یونیورس باس’ کرس گیل کا 2013ء کی آئی پی ایل میں بنایا گیا 175 رنز ناٹ آؤٹ کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے، جو گزشتہ 13 سال سے قائم تھا۔
پریٹوریئس کی اس دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت ٹائٹنز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا۔
20 سالہ لوان ڈرے پریٹوریئس اب مردوں کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔

