جائیداد کے مسائل کے حل کے لیے پورٹل کے ذریعے سماعت کو قانونی تحفظ مل گیا
لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم اور انتظامی کمیٹی کی ہدایت پر لاکھوں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد کے مسائل کے حل کے لیے اوورسیز عدالتوں کے ای فائلنگ رولز جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان نئے قواعد و ضوابط کے اجراء کے بعد تارکینِ وطن کو ای فائلنگ اور پورٹل کے ذریعے مقدمات کی سماعت کا کامل قانونی تحفظ حاصل ہو گیا ہے۔
ڈی جی ضلعی عدلیہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن کی کاپی پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کو ارسال کر دی ہے۔ فل کورٹ کی منظوری کے بعد یہ نئے قواعد و ضوابط ہائیکورٹ رولز اینڈ آرڈرز والیم 5 کا حصہ بن گئے ہیں۔
-
وکلاء اور سائلین کو ای فائلنگ پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد بائیومیٹرک یا پاس ورڈ کے ذریعے تصدیق کرنا ہوگی۔
-
ای فائلنگ پورٹل کے ذریعے جمع کروائی گئی تمام دستاویزات کی قانونی حیثیت دستی (مینوئل) جمع شدہ کاغذات کے برابر ہوگی۔
-
مقدمات کی ای فائلنگ سرچ ایبل پی ڈی ایف (Searchable PDF) اور دیگر منظور شدہ ڈیجیٹل فارمیٹس میں کی جائے گی۔
-
غیر ملکی یا دیگر زبان کی دستاویزات کے ساتھ مستند مترجم کا تصدیق شدہ اردو یا انگریزی ترجمہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
-
ڈسٹرکٹ لیول پر سائلین کی سہولت اور ای فائلنگ کے مسائل کے حل کے لیے فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔

