اسلام آباد :اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال اور آئینی معاملات کے پیش نظر وفاقی حکومت کی سطح پر اعلیٰ ترین سیاسی و قانونی مشاورت کا سلسلہ انتہائی تیز ہو گیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس ہوا ہے جس کے بعد آج اس معاملے پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی، امیر مقام، عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے شرکت کی۔
دورانِ اجلاس وزیراعظم کو خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ اور سیکیورٹی تدابیر سے متعلق حکومتی تیاریوں کا جائزہ پیش کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس مشاورتی اجلاس کے بعد کچھ اہم فیصلے متوقع ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی آج صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کا بھی امکان ہے، جبکہ کسی بھی حتمی اقدام سے قبل وفاقی کابینہ کا باضابطہ اجلاس بلائے جانے کی بھی توقع ہے۔
اس اہم اجلاس سے قبل گزشتہ روز بھی اسلام آباد میں سیاسی و آئینی حوالے سے اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی، جب وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ ہونے والے پس پردہ رابطوں کے بارے میں وزیراعظم کو اعتماد میں لیا، جبکہ وزیراعظم نے واضح ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے حوالے سے کسی بھی حتمی یا بڑے قدم سے قبل تمام اتحادی اور متعلقہ سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس، خیبر پختونخوا پر اہم فیصلے

