-
دمشق: گیس پائپ لائن میں دھماکے سے 3 بجلی گھروں کو سپلائی معطل
دمشق: شام میں مسلح افراد نے ایک مقامی تعمیراتی کمپنی کے مزدوروں اور انجینئرز کی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کی وین پر اس وقت فائرنگ کی جب اس میں مزدور اور انجینئرز سوار تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب دمشق کے دیہی علاقے میں گیس پائپ لائن میں پراسرار دھماکا ہوا جس کے بعد وہاں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ پائپ لائن متاثر ہونے کے باعث علاقے کے 3 بڑے بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جس سے بجلی کے نظام میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔ امدادی ٹیمیں اور تکنیکی عملہ آگ پر قابو پانے اور لائن کی مرمت کے کام میں مصروف ہے۔

