تھانے (مہاراشٹرا): مہاراشٹر کے شہر ٹھانے کے علاقے منپاڑا میں شیو سینا (اودھو بالاصاحب ٹھاکرے) کے وبھاگ پرمکھ (ڈویژن چیف) پردیپ پورنیکر کو ان کے دفتر کے باہر بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ منگل کی رات تقریباً 9:30 سے 9:45 بجے کے درمیان کپور باوڑی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع آر مال (R Mall) کے قریب گنیش نگر میں پیش آیا۔
عینی شاہدین اور پولیس کے مطابق پردیپ پورنیکر اپنے دفتر میں موجود تھے کہ ماسک اور ہیلمٹ پہنے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اچانک حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے انتہائی قریب سے ان پر دو فائر کیے جو ان کے سینے میں لگے، جس کے بعد تیز دھار چاقوؤں سے بھی ان پر وحشیانہ وار کیے گئے۔
شدید زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر گھوڑ بندر روڈ پر واقع انفینیٹی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

