-
کوٹکے سلطان خیل اور درہ باٹلی کے مکینوں کا سڑک، بجلی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ
-
دیر بالا (بیورو چیف، ریاض ابوالخیل)
تحصیل واڑی کی یونین کونسل کوٹکے سلطان خیل، درہ باٹلی، پاٹاوں، ناسافہ، شراتکل، شگئی، مولوی اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق علاقے میں پختہ سڑکوں، باقاعدہ بجلی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے، جس کے باعث عوام کو روزمرہ زندگی میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ خوبصورت سیاحتی مقامات اور قدرتی گرم چشموں سے مالا مال ہے، جہاں کا صاف و شفاف پانی اور فطری حسن سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔ تاہم، سڑکوں کی خستہ حالی اور بجلی کے ناقص نظام کے باعث علاقائی سیاحت کو فروغ نہیں مل رہا۔
اہلِ علاقہ نے حکومت اور متعلقہ محکموں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سلطان خیل اور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بجلی کی فراہمی اور صحت کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوں اور علاقے میں سیاحت کو فروغ مل سکے۔
تحصیل واڑی کا علاقہ سلطان خیل اور ملحقہ دیہات بنیادی سہولیات سے محروم

