کاٹھمنڈو (نیوز ڈیسک):
نیپال میں مسلسل جاری طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے تباہ کن سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے (لینڈ سلائیڈنگ) کے واقعات میں کم از کم 21 افراد ہلاک، 5 لاپتہ اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
نیپال کی قومی آفت سے نمٹنے والی اتھارٹی (NDRRMA) کے مطابق ہلاکتوں کی بڑی وجہ پہاڑی علاقوں میں اچانک مٹی کے تودے گرنا ہے۔ مغرب اور وسطی نیپال کے اضلاع باگلونگ، پالپا، میاگدی اور چتوان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں متعدد مکانات زمین بوس ہو گئے اور مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔
حکام کے مطابق خلیج بنگال سے اٹھنے والے کم ہوا کے دباؤ کے باعث ملک کے 100 سے زائد مقامات پر 100 ملی میٹر سے زائد بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی رابطہ پل اور شاہراہیں بند ہو چکی ہیں، جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حفاظتی اداروں، پولیس اور فوج نے کارروائی کرتے ہوئے انتہائی خطرناک علاقوں سے 3,000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے دریاؤں کے قریب رہنے والی آبادیوں اور سیاحوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

