سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی ہدایت پر کمرشلائیزیشن فیس کے واجبات کی عدم ادائیگی پر میونسپل کارپوریشن نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 21 کمرشل بلڈنگز کو سربمہر کر دیا۔ کارروائی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) میاں سرمد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی۔
سربمہر کی گئی کمرشل بلڈنگز میں 16 دکانیں، دو پلازے، ایک گودام، ایک شوروم اور ایک ہوٹل شامل ہیں۔ کارروائی کچہری روڈ، خادم علی روڈ، اڈا شہباز خان، شہاب پورہ، ایبٹ روڈ اور ماڈل ٹاؤن میں کی گئی۔ سربمہر کی گئی بلڈنگز کا مجموعی رقبہ 77 مرلے ہے اور بلڈنگز کے مالکان مجموعی طور پر 42 ملین روپے کے ڈیفالٹر ہیں۔ کمرشل بلڈنگز کے مالکان کو کمرشلائیزیشن فیس کے واجبات کی ادائیگی کیلئے متعدد بار نوٹسز جاری کئے جا چکے تھے، تاہم واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) میاں سرمد حسین نے کہا کہ کمرشلائیزیشن فیس کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے، واجبات کی وصولی کیلئے کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے کاروبار میں خلل ڈالنا مقصد نہیں بلکہ سرکاری واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمرشل فیس کے واجبات ای بز پورٹل پر پی ایس آئی ڈی کے ذریعے آن لائن ادا کئے جا سکتے ہیں۔ کمرشل بلڈنگ مالکان سرکاری واجبات کی فوری ادائیگی کریں اور ذہنی سکون کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھیں۔


