تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)
ایران نے امریکہ کو شدید الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یمن پر کسی بھی قسم کا فوجی حملہ یا جارحیت کی گئی تو حکمتِ عملی کے لحاظ سے انتہائی اہم بحری راہداری "باب المندب” کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق تہران کی جانب سے جاری ہونے والے بیانات میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور بحیرہ احمر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا تمام تر ذمہ دار امریکہ اور اس کی پالیسیاں ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یمن کے عوام اور ان کی افواج کو اپنی سرزمین اور علاقائی خود مختاری کا دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
ایرانی حکام نے واضح کیا کہ باب المندب کی تنگنائے عالمی تجارتی جہاز رانی بالخصوص خام تیل کی نقل و حمل کے لیے شریان کی حیثیت رکھتی ہے۔ اگر امریکہ نے خطے میں اشتعال انگیزی یا یمن کے خلاف فضا یا سمندر سے کوئی بھی بڑا قدم اٹھایا تو ان بحری راہداریوں کی حفاظت اور رسائی امریکی بحری جہازوں کے لیے ناممکن بنا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ غزہ جنگ کے بعد سے بحیرہ احمر، عرب سمندر اور باب المندب میں امریکہ، اسرائیل اور یمن کے حوثی فورسز کے درمیان شدید کشیدگی جاری ہے، جس نے عالمی سطح پر تجارتی جہاز رانی کے نظام کو شدید متاثر کیا ہے۔

