معروف پارلیمانی صحافی کی ناگہانی وفات پر بھارت کے سیاسی اور صحافتی حلقوں میں غم و سوگ کی لہر
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)
بھارت کی معروف اور سینئر صحافی پائل میہتا 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر سامنے آتے ہی بھارتی سیاسی اور صحافتی حلقوں میں شدید غم و سوگ کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پائل میہتا طویل عرصے سے بھارت میں قومی و پارلیمانی صحافت سے وابستہ تھیں اور ان کا شمار ملک کے منجھے ہوئے اور فعال صحافیوں میں ہوتا تھا۔ ان کی رحلت پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور دیگر اہم سیاسی و صحافتی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں پائل میہتا کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک محنتی اور باصلاحیت صحافی تھیں، جن کی صحافتی بصیرت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی ان کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان اور صحافتی برادری سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سینئر صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز نے پائل میہتا کی وفات کو بھارتی صحافت، بالخصوص پارلیمانی رپورٹنگ کے لیے ایک بڑا اور ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

