لاہور: سٹیج کے معروف اور سینئر اداکار آصف اقبال دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے شوبز اور تھیٹر سے وابستہ حلقوں کو سوگوار کر دیا، جبکہ ساتھی فنکاروں، ہدایت کاروں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
آصف اقبال کی نماز جنازہ آج بعد نماز عشاء 680 نرگس بلاک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔ اور انہیں اقبال ٹاؤن قبرستان میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا۔
آصف اقبال نے اپنی طویل فنی زندگی کے دوران سٹیج ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری، برجستہ مکالموں اور جاندار کردار نگاری کے ذریعے شائقین کو محظوظ کیا۔ وہ تھیٹر کے ان فنکاروں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے سٹیج ڈرامے کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی اداکاری میں مزاح کے ساتھ ساتھ کردار کی مناسبت سے سنجیدگی اور برجستگی بھی نمایاں تھی۔
فنکار برادری کا کہنا ہے کہ آصف اقبال ایک باصلاحیت اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ خوش اخلاق اور ملنسار رویے کے باعث بھی خاص مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے مختلف سٹیج ڈراموں میں اپنی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور تھیٹر کے شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مداحوں اور فنکاروں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ساتھی فنکاروں نے آصف اقبال کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے سٹیج کی دنیا ایک تجربہ کار اور باصلاحیت فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔
آصف اقبال کے اہل خانہ اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے فنکار برادری نے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی ہے۔

