دبئی / نئی دہلی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عہدیداروں کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شوکلا نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آپسی مشاورت کے بعد یہ اجتماعی فیصلہ کیا تھا کہ ٹیم محسن نقوی سے ٹرافی حاصل نہیں کرے گی۔ راجیو شوکلا کے مطابق، اس فیصلے پر محسن نقوی کی جانب سے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا اور وہ دیگر کھلاڑیوں اور رنر اپ ٹیم کو انعامات دینے کے بعد وہاں سے چلے گئے۔
اس سے قبل بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائکیا نے واضح کیا تھا کہ یہ فیصلہ پاکستان اور بھارت کے مابین موجودہ کشیدہ حالات اور قومی جذبات کے پیشِ نظر بورڈ کا "ادارہ جاتی فیصلہ” ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مؤقف سے اے سی سی کو فائنل سے قبل ہی آگاه کر دیا گیا تھا اور اس کا مقصد کھیل یا کھلاڑیوں کی نفی کرنا نہیں بلکہ اپنا ایک اصولی موقع برقرار رکھنا تھا۔

