ٹوکیو:جاپان کے شہر آئیچی-ناگویا میں ایشین گیمز 2026 کے باضابطہ انعقاد سے محض 10 روز قبل موسلاادھار بارش اور سیلابی صورتحال نے انتظامیہ کے لیے بڑے چیلنجز کھڑے کر دیے ہیں۔ منگل کے روز ہونے والی اس طوفانی بارش کے باعث شہر کے کئی علاقے زیرِ آب آ گئے، سڑکیں تالاب بن گئیں اور نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
خراب موسم اور طغیانی کے سبب ناگویا میں بس اور سب وے سروسز معطل کرنا پڑیں، جبکہ پانی گھروں میں داخل ہونے کے بعد تقریباً 3,500 شہریوں کو مجبوراًاپنے گھر چھوڑ کر ہنگامی امدادی کیمپوں میں پناہ لینی پڑی۔ اس صورتحال نے دنیا بھر سے آنے والے کھلاڑیوں اور مہمانوں کی آمد سے قبل میزبان شہر کی تیاریوں پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔
ناگویا کے میئر ایچی ہیرو ہیروساوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت تقریباً 400 ایتھلیٹس اور اسپورٹس اسٹاف کو عارضی طور پر اونچی اور محفوظ عمارتوں میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ چند مقامات پر اسٹیڈیمز کی چھتوں سے پانی ٹپکنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ تاہم، میئر نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کے بنیادی وینیوز محفوظ ہیں اور 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک شیڈول ایشین گیمز اپنے طے شدہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔
جاپان: ایشین گیمز کے آغاز سے صرف 10 دن قبل طوفانی بارش اور سیلاب ، کھلاڑیوں سمیت ہزاروں محفوظ مقامات پر منتقل

