کوالالمپور:ملائیشیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کا ایک ہیلی کاپٹر منگل کے روز حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طبی عملے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حکام اور سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق خراب موسم اور جنگلات کی آگ سے پیدا ہونے والی دھند کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق وزیر صحت ذوالکفلی احمد نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں پائلٹ اور وزارت صحت کے 4 اہلکار سوار تھے۔ حادثہ ریاست سراواک کے علاقے لانگ لیلانگ کے قریب ایک مختصر رن وے والے ہوائی اڈے کے نزدیک پیش آیا۔
جاں بحق افراد میں ایک میڈیکل افسر، ایک اسسٹنٹ میڈیکل افسر اور 2 نرسیں شامل تھیں، جو سرکاری ڈیوٹی پر مامور تھیں۔ سراواک کے شہر میری میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے ایک عہدیدار نے سرکاری خبر رساں ادارے برناما کو تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
حکام کے مطابق دھند کے باعث ریسکیو ٹیموں کو فضائی ذرائع استعمال کرنے سے روک دیا گیا، جبکہ حادثے کی جگہ انتہائی دور افتادہ علاقے میں تھی جہاں سڑک کے ذریعے پہنچنے میں تقریباً 10 گھنٹے لگتے ہیں۔
ملائیشیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ وزارت ٹرانسپورٹ کا ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو حادثے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
کوالالمپور، ائیر ایمبولنس ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، ڈاکٹرز سمیت 5 جاں بحق

