مورو (رپورٹ: محمد اسلم مغل)
مورو میں اولڈ ایج بینیفٹ ورکرز ایکشن کمیٹی سندھ کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے خالد بگھیو، نظیر ڈاہری، اظہار مخدوم، امیر علی لغاری، الطاف سیہڑ اور دیگر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جہاں انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین اور پنشنرز کے ساتھ زیادتیاں کی جا رہی ہیں۔ ملازمین پوری زندگی ملک اور اداروں کی خدمت کرتے ہیں لیکن ریٹائرڈ ہونے کے بعد معمولی پنشن پر گزارا کرنا پڑتا ہے جو مہنگائی کے اس دور میں کچھ بھی نہیں ہے۔
مزدور اور محنت کش کو 11 ہزار روپے پنشن دی جا رہی ہے جو نہ ہونے کے برابر ہے۔ زندگی کا نظام اور گھر کا خرچ، بیماریوں کا علاج اور دوائیوں کا خرچ کیسے پورا کریں گے جس کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین سخت مشکلات میں ہیں۔
انہوں نے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹے مزدور، محنت کش ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن 50 ہزار روپے کی جائے اور انہیں مراعات دی جائیں تاکہ وہ اپنی زندگی خوشحالی سے گزار سکیں۔ اگر ہمارے جائز مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ سخت سندھ لیول تک بڑھایا جائے گا۔

