بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز)
بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی نور محمد شاہوانی، حاجی روزی خان مندوخیل، حاجی محمد گل کاکڑ، عطا اللہ خان کاکڑ، حاجی داود کرد، حاجی اسماعیل لہڑی، حاجی مراد خان کاکڑ، منی مزدا گڈز ٹرک اونرز کے چیئرمین بابو جان رئیسانی، ظہیر شاہ اور شعیب خان کاکڑ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ٹرک اڈہ ہزار گنجی میں ٹرکوں کی گنجائش مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرک اڈہ ہزار گنجی میں پارکنگ کی سہولیات نہ ہونے کے باعث ہمارے باؤزر، ٹریلر، ہیوی کنٹینرز اور دیگر مال بردار گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی رہنے پر مجبور ہیں، جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ ٹرک اڈہ ہزار گنجی میں موجودہ پارکنگ کی گنجائش ناکافی ہو چکی ہے اور ٹرانسپورٹ کا شعبہ مسلسل بڑھنے کے باوجود اڈے کی توسیع پر کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ اگر فوری طور پر اضافی زمین فراہم نہ کی گئی تو ٹرانسپورٹرز کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔


