خوشاب/سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت بچوں کو دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں میں شامل کرنے اور سکول داخلوں میں اضافے کے لیے ’’بیک ٹو سکول‘‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یونیسیف، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور جی پی سی ٹرانسفارمنگ ایجوکیشن کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اظہر سہیل نیازی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اظہر سہیل نیازی نے نرسری کلاس میں بچوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا اور طلبہ میں کتابیں اور سکول بیگز تقسیم کیے۔ انہوں نے بچوں سے ملاقات کی، ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی لی اور انہیں دل لگا کر تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اظہر سہیل نیازی نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، حکومت پنجاب بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور سکولوں میں سازگار تعلیمی ماحول یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ’’بیک ٹو سکول‘‘ پروگرام کا مقصد بچوں کو تعلیمی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، سکولوں میں داخلوں میں اضافہ اور تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں میں کتابوں اور سکول بیگز کی فراہمی ان کے تعلیمی سفر میں معاون ثابت ہوگی، جبکہ نرسری کی سطح پر بروقت رجسٹریشن بچوں کے بہتر تعلیمی مستقبل کی بنیاد مضبوط کرے گی۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو باقاعدگی سے سکول بھیجیں اور ان کی تعلیم جاری رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اس موقع پر ڈی ای او سیکنڈری رانا سجاد، ڈی ای او ایلیمنٹری زنانہ رابعیہ اسلم، ڈپٹی ڈی ای او زنانہ میڈیم ثمرین علی، محکمہ تعلیم کے افسران، سکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور طلبہ بھی موجود تھے۔ شرکاء نے ’’بیک ٹو سکول‘‘ پروگرام کو بچوں کے تعلیمی مستقبل کے لیے اہم اور مثبت اقدام قرار دیا۔

