سکھر ( رپورٹ/ عبد الرحمان راجپوت )
ایف بی آر کے چیف کمشنر زیغم عباس نے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں اور کاروباری افراد کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے اور ان کے ٹیکس معاملات کو آسان، واضح اور قابل عمل بنانے کے لیے ایف بی آر کی جانب سے خصوصی ٹیکس اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک سیل کرنے والے چھوٹے دکانداروں کو آسان اور سہل ٹیکس نظام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس سکھر ایف بی آر زیغم عباس کے مطابق خصوصی ٹیکس اسکیم کے تحت دکانداروں سے سالانہ سیل کا صرف ایک فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا، جبکہ کم از کم ٹیکس کی رقم 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسکیم کے تحت دکانداروں کو پیچیدہ ٹیکس گوشواروں کے بجائے ایک صفحے پر مشتمل سادہ گوشوارہ فارم جمع کرانے کی سہولت حاصل ہوگی، جبکہ یہ گوشوارہ فارم علاقائی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا۔ زیغم عباس نے بتایا کہ اس خصوصی اسکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کو ڈیجیٹل انوائسنگ اور پوائنٹ آف سیل سسٹم نصب کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اسی طرح انہیں ودہولڈنگ ایجنٹ بننے کی ذمہ داری سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا اور عمومی آڈٹ سے تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت رجسٹرڈ کاروباری افراد کو گرین پلیٹ کے ذریعے باقاعدہ کاروباری شناخت فراہم کی جائے گی، جس کے باعث انہیں ٹیکس حکام کی معمول کی انسپیکشن سے بھی تحفظ حاصل ہوگا۔ دکاندار گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن اور ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ چیف کمشنر زیغم عباس نے چھوٹے دکانداروں اور کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ اپنے کاروبار کو باقاعدہ ٹیکس نظام کا حصہ بنائیں اور ایف بی آر کی خصوصی ٹیکس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آسان اور شفاف ٹیکس نظام نہ صرف کاروباری افراد کے لیے سہولت کا باعث بنے گا بلکہ کاروبار کو قانونی شناخت دینے اور معیشت کو مستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

