سکھر ( رپورٹ/ عبد الرحمان راجپوت)
سکھر معروف سندھی اداکار حیدر قادری پر کراچی میں حملے کے خلاف فنکاروں کی احتجاجی ریلی، ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ
سکھر سندھ کے نامور اداکار حیدر قادری پر کراچی میں ہونے والے مبینہ حملے کے خلاف سندھ کے فنکاروں اور اداکاروں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ اس سلسلے میں معروف سندھی اداکار سہراب سومرو کی قیادت میں فنکار برادری نے سکھر آرٹس کونسل سے سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی، جس میں بڑی تعداد میں فنکاروں، اداکاروں اور فن سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر حیدر قادری پر حملے کی مذمت اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کے مطالبات درج تھے۔ فنکاروں نے حملے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ حیدر قادری پر حملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔بعد ازاں احتجاجی ریلی سکھر پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر فنکاروں اور اداکاروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنکار معاشرے میں مثبت سوچ، امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرتے ہیں، اس کے باوجود فنکاروں کو تشدد اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا جانا انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔مقررین نے کہا کہ سندھ کے فنکار حیدر قادری پر ہونے والے حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فنکار یا شہری کو قانون ہاتھ میں لے کر تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایسے واقعات فنکار برادری میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں خوف و ہراس کا باعث بنتے ہیں۔
فنکاروں نے حکومت سندھ، پولیس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ حیدر قادری پر کراچی میں ہونے والے حملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، حملے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے اور فنکار برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔احتجاج کے شرکاء نے واضح کیا کہ اگر فنکاروں کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا اور حیدر قادری پر حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو فنکار برادری اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوگی۔

