نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
جماعت اہلسنت پاکستان نواب شاہ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے، جہاں آئین و قانون کے تحت ناموسِ رسالت ﷺ اور تحفظِ ختمِ نبوت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ناموسِ رسالت ﷺ سے متعلق قوانین کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز یا اشتعال انگیز مہم چلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں فرزانہ باری اور بعض دیگر افراد کی جانب سے مذہبی تحفظ سے متعلق قانون کو ’’کالا قانون‘‘ قرار دینے اور اسے آزادیٔ اظہار کے منافی قرار دینے کے مؤقف پر انہیں شدید تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی فرد کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
جماعت اہلسنت نواب شاہ کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ ناموسِ رسالت ﷺ اور ختمِ نبوت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، تاہم کسی بھی معاملے میں قانونی کارروائی متعلقہ اداروں کے دائرۂ اختیار اور ملکی قوانین کے مطابق ہونی چاہیے۔
میڈیا کانفرنس میں محمد اسلم نوری سلطانی، قاری مقصود احمد سکھیرا چشتی، پیر سید حسن علی شاہ جیلانی، زاہد اعوان، قاری محمد ساجد عطاری، عبد اللطیف بٹ، محمد ارشد رضا، ممتاز اعوان سمیت دیگر عہدیداران و کارکنان شریک تھے۔

